عام انتخابات 2024، الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم

ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں شیڈول 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سسٹم (ای ایم سی سی) قائم کر دیا گیا ہے جہاں رابطہ اور شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ ای ایم سی سی عوام الناس کی سہولت کے لیے قائم کیا گیا ہے جہاں وہ الیکشن سے متعلق رابطہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے شکایات بھی درج کرا سکیں گے جن کے بروقت ازالے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی۔

یہ مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سسٹم الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلع سطح پر قائم کیے گئے ہیں جہاں ابتدائی طور پر صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک کام کریں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق وسط جنوری سے 8 فروری پولنگ کے دن اور  نتائج موصول ہونے تک یہ مراکز 24 گھنٹے کام کرتے رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کنٹرول سینٹر میں الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کی سہولت موجود ہے جب کہ عوام الناس [email protected] پر جا کر اپنی شکایات کا اندراج کرا سکتے ہیں۔