اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کو ویب سائٹ پر شائع نہ کرنے کی خبر کو غلط قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں انتخابی فہرستوں کے حصول کا طریقہ کار دیا گیا ہے، رولز کے تحت حتمی انتخابی فہرستوں کی کاپی حاصل کرنے کیلیے تفصیل موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق انتخابی فہرستوں کو ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کی قانون میں کوئی شق نہیں ہے، ووٹرز کے ذاتی ڈیٹا کو کوئی فرد یا ادارہ کسی غلط مقصد کیلیے استعمال نہ کرے، یہ ڈیٹا ایسی آرگنائزیشنز بھی غلط استعمال کر سکتیں ہیں جو ریاست کے خلاف کام کرتی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے عوام کو 8300 کی سہولت دی ہے تاکہ نام کا اندراج اور دیگر کوائف چیک کر سکیں، ڈیٹا کو سائبر اٹیک سے محفوظ رکھنا بھی مقصود ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مزید انتخابی فہرستیں قانون کے مطابق جوائنٹ الیکٹوریٹس کے تحت بنائی جاتی ہیں، امیدوار یا کوئی بھی شخص انتخابی فہرستوں کی کاپیاں حاصل کر سکتا ہے۔