سوشل میڈیا سے دور رہنے کا بڑا فائدہ

دنیا دیکھتے ہی دیکھتے ’’ڈیجیٹل وَرلڈ‘‘ میں تبدیل ہو چُکی ہے۔ ویسے تو سوشل میڈیا کا بنیادی مقصد ہی مختصر وقت میں زیادہ سے زیادہ افراد تک خیالات اور نظریات کی رسائی تھی، جس سے لوگوں کی اکثریت نے بھر پور استفادہ بھی کیا۔

لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال کرنے سے آپ کی ذہنی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس سے دوری آپ کو کتنا ریلیف پہنچاتی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کے استعمال کو صرف 30 منٹ تک کم کرنے سے مہ صرف ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے بلکہ ملازمت پیشہ افراد اطمینان محسوس کرتے ہیں جبکہ اس کا مسلسل استعمال کرنے والے افراد کو اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔

جرمنی کی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا کم استعمال کرنے سے صارفین کام میں کم دباؤ محسوس کرتے ہیں اور ان میں بے چینی یا گھبراہٹ بھی کم ہوتی ہے۔

جرمنی میں رور یونیورسٹی، بوچم اور جرمن سینٹر فار مینٹل ہیلتھ کے محققین نے کہ سوشل میڈیا سے دوری سے لوگوں کو اپنا کام کرنے کے لیے زیادہ وقت ملتا ہے اور دھیان بھٹکنے کا مسئلہ بھی کم پیش آتا ہے۔

بہیویئر اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کی مصنفہ جولیا بریلووسکایا نے کہا کہ ’جو لوگ سوشل میڈیا فیڈ کی نگرانی کے لیے اپنا کام روک دیتے ہیں ان کے لیے اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنا زیادہ مشکل ہوتا ہے‘۔

اس مطالعہ کے لیے محققین نے 166 افراد کو شامل کیا، جن میں سے سبھی ملازم تھے اور جو روزانہ کم از کم 35 منٹ سوشل میڈیا پر بغیر کام کے گزارتے تھے۔

بریلووسکایا نے کہا کہ اس تحقیق کے دوران اتنے کم وقت میں ہم نے دیکھا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر دن میں 30 منٹ سے کم وقت گزارتے ہیں، ان کی ذہنی صحت اور ملازمت کے اطمینان میں بہتری آئی ہے۔