پشاور: خیبرپختون خوا کی حکومت نے صوبے بھر کی جیلوں میں موجود قیدیوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ نے ویلفیئر فنڈ رولز 2023 کا اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت جیلوں میں موجود قیدیوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔۔
اعلامیے کے مطابق قیدی جیل میں مزدوری کر کے اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں گے، اجرت کا 10 فیصد حکومت، 30 فیصد قیدیوں، 60 فیصد ویلفیئر فنڈ میں جمع ہوگا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ قیدی قالین سازی، فرنیچر، چمڑے کے چھوٹے کارخانوں میں مزدوری کر سکیں گے، قیدی جیلوں میں پی سی او اور کینٹین میں بھی مزدوری کرسکیں گے۔
دستاویزات کے مطابق پہلی بار قیدیوں کی جانب سے خاندان کی کفالت کے لیے رولز بنائے گئے ہیں، اکاؤنٹس کھولنے کے لیے بینک آف خیبر سے بات چیت جاری ہے۔