الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے انتخابی شیڈول میں توسیع کردی

الیکشن حلقہ بندیوں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کے شیڈول میں توسیع کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول میں تبدیلی مخصوص نشستوں کے لیے کی ہے، مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی تاریخ 13 جنوری تک بڑھا دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی پشاور ہائیکورٹ کے پی ٹی آئی کے نشان کی واپسی کے فیصلے کے تناظر میں کی گئی، اب خواتین، اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر جانچ پڑتال کی آخری تاریخ  13 جنوری مقرر کردی گئی۔

حکام کا بتانا ہے کہ مخصوص نشستوں پر کاغذات منظور یا مسترد ہونے پر اپیل کی آخری تاریخ 16 جنوری ہوگی، اپیلٹ ٹربیونل اپیلوں پر فیصلے 19 جنوری تک سنائے جائیں گے جبکہ 23 جنوری کو خواتین اور اقلیتی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

واضح رہے کہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کی صوبائی نشستوں کے لیے بھی اسی شیڈول کا اطلاق ہوگا۔