کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے اہم فاسٹ بولر ان فٹ ہونے کے باعث بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پروٹیز پیسر جیرالڈ کوٹزی پیٹ کے نچلے حصے میں سوزش کے سبب میزبان ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہونگے۔ اس ہفتے سنچورین میں پہلے ٹیسٹ کے دوران انھیں پیٹ میں سوزش کا تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
23 سالہ بولر کو سنچورین ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بولنگ کے دوران یہ شکایت پیدا ہوئی تھی جو بتدریج بڑھ گئی۔ اس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے انھیں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کو ان کا اسکین ہوا جس سے کے بعد فاسٹ بولر کی انجری کی نوعیت کا پتہ چلا۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے جنوبی افریقہ نے کوٹزی کی جگہ اسکواڈ میں کسی متبادل پلیئر کو شامل نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کو ایک اننگز اور 32 رنز سے عبرتناک شکست دی تھی۔
کیپ ٹاؤن میں ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر فاسٹ بولر کی جگہ اسپنر کیشو مہاراج کی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔