بلاول بھٹو اب وزیر اعظم نہیں بن سکتے، حافظ نعیم الرحمان

بلاول بھٹو اب وزیر اعظم نہیں بن سکتے، حافظ نعیم الرحمان

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پراجیکٹ فیل ہوگیا اور اب وہ وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔

تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، الیکشن کمیشن کو خبردار کرتا ہوں عوامی مینڈیٹ کے راستے میں نہ آئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہماری نسلیں تباہ ہوگئی ہیں لیکن اب اور نہیں ہونے دیں گے، جو شب خون مارا گیا اس سے بلاول بھٹو زرداری کا پلان فلاپ ہوگیا، عوامی مینڈیٹ کی بے عزتی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں، مسلم لیگ (ن) کراچی کو کوئی بڑا منصوبہ نہیں دے سکی، 30 سے 35 سال کے دوران کراچی کا بہت نقصان ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے جماعت اسلامی ہی نہیں سب نے بہت کچھ سیکھا، ترقی کی جانب جاتا ہوا شہر بہت پیچھے چلا گیا، کراچی کو اب تک صاف پانی فراہم نہیں کیا جا سکا، کے فور کا منصوبہ بہت ضروری ہے۔

دو روز قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ انتخابات میں ان کی جماعت سندھ میں حکومت بنائے گی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 سب سے زیادہ نشستیں لیں گے، نہ صرف کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا بلکہ سندھ حکومت بھی ہم بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بھر پور طریقے سے الیکشن میں حصہ لے گی، ہم واحد جماعت ہیں جس نے سب سے پہلے انتخابی منشور دیا، ابھی تک کسی جماعت نے انتخابی منشور تک نہیں دیا۔