ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار المعروف ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے گزشتہ چند سالوں سے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلیے کئی مشغلے اختیار کیے ہیں۔
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق عامر خان اپنا زیادہ تر وقت ان مہارتوں کیلیے وقف کرتے ہیں جن سے انہیں کچھ نیا سیکھنے کو ملتا ہے۔
عامر خان اپنی مصروفیات سے روزانہ ایک گھنٹہ نکال کر نہ صرف کلاسیکل موسیقی سیکھ رہے ہیں بلکہ باقاعدگی سے اس کی مشق بھی کرتے ہیں۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ سُپر اسٹار آج کل گلوکاری میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ اپنی بیٹی ارا خان کی شادی کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں ارا خان نے اپنے بوائے فرینڈ فٹنس ٹرینر نوپور شیکھرے کے ساتھ منگنی کی تھی۔
عامر خان نے اکتوبر میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ بیٹی کی شادی آئندہ سال 3 جنوری کو طے ہے، جس لڑکے کا اس نے انتخاب کیا وہ اس کا فٹنس ٹرینر ہے۔
بالی وڈ اسٹار نے بتایا تھا کہ وہ بہت پیارا لڑکا ہے، جب میری بیٹی ڈپریشن سے لڑ رہی تھی تو اس نے ارا کا ساتھ دیا، یہ وہ لڑکا ہے جو ہر مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑا رہا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اطمینان ہے کہ بیٹی نے ایسے لڑکے کو پسند کیا جس میں دونوں کی خوشی ہے، وہ ایک دوسرے سے بہت جڑے ہوئے ہیں اور بہت خیال رکھتے ہیں۔
انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میں جذباتی ہوں اور ارا کی رخصتی پر بہت زیادہ رونے والا ہوں، فیملی میں اس متعلق ابھی سے گفتگو شروع ہوگئی ہے کہ عامر کو اُس دن کیسے سنبھالنا ہے، میں جذبات میں آنسو یا ہنسی کو قابو نہیں کر سکتا۔