امریکی شہر انڈیانا پولس میں بچے کے ساتھ بدفعلی کے مرتکب شخص کو عبرت کا نشان بناتے ہوئے 30 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
ریاست انڈیانا کے شہر انڈیانا پولس میں 37 سالہ شخص کو معصوم بچے سے زیادتی کرنے پر 30 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ مذکورہ مجرم 4 سال سے کم عمر بچے کی عصمت دری میں ملوث تھا۔
عدالت نے مذکورہ ملزم کے لیے سزا مکمل ہونے کے بعد 20 سال پروبیشن کا عرصہ بھی تجویز کیا ہے، اس دوران پولیس والے اس کی حرکات و سکنات پر نگاہ رکھیں گے۔
عدالتی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تفتیش کاروں نے فروری میں ڈیون شین مچل نامی شخص پر نظر رکھنا شروع کی جس پر شبہ تھا کہ وہ بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہے۔
اس شخص کی جاسوسی کے بعد پتا چلا کہ اس کے موبائل فون میں بچوں کے جنسی استحصال کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز موجود تھیں، ان ویڈیو میں سے ایک میں وہ 4 سال سے کم عمر روتے ہوئے بچے کی عصمت دری میں ملوث نظر آرہا ہے۔
انڈیانا جنوبی ضلع کے امریکی اٹارنی آفس کا کہنا تھا کہ جس دوران بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا وہ بچہ اس شخص کی دیکھ بھال اور کسٹڈی میں تھا۔
اپریل میں اس کی گرفتاری کے بعد، ایف بی آئی کے ایجنٹوں کو بچوں کے جنسی استحصال کی سینکڑوں تصاویر اور ویڈیوز ملیں جو مچل نے آن لائن جمع کی تھیں۔
امریکی اٹارنی زچری اے مائرز نے کہا کہ ہمیں اس بات کا شدید افسوس ہے کہ مذکورہ مجرم نے اتنے کم عمر اور کمزور بچے کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا۔