این اے 122 اور 89 سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں تیار

بانی پی ٹی آئی کاغذات

لاہور : این اے 122 اور این اے 89 میانوالی سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں تیار کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے معاملے پر این اے 89 میانوالی اور این اے 122 میں کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل تیار کر لی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اپیلیں تیار کر کے دستخط کے لیے اڈیالہ جیل بھجوا دی گئیں ہیں ، دستخط کے بعد کل اپیلیں دائر کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 122 کی اپیل لاہور اور این اے 89 کی اپیل راولپنڈی میں دائرہوگی۔

یاد رہے 30 دسمبر کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 لاہور اور 89 میانوالی سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے۔

ریٹرننگ آفیسر محمد اقبال نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ سنایا تھا، این اے 122 لاہور سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے میاں نصیر نے عائد کیا تھا۔

این اے 89 کے کاغذات نامزدگی پر متعدد اعتراضات تھے، امیدوار این اے 89 خرم حمید روکھڑی نے اعتراض جمع کروا رکھا تھا۔