کراچی: لیاری گینگ وار کے کمانڈر حسن علی نے دورانِ تفتیش پولیس کے سامنے اہم انکشافات کر دیے۔
ایس ایس پی سٹی امجد حیات کے مطابق ملزم گزشتہ روز مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہوا، ملزم لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب اور سفاک دہشتگرد تھا۔
امجد حیات نے بتایا کہ ملزم نے متعدد ٹارچر سیل بنا کر خوف و ہراس پھیلا رکھا تھا، حسن علی 25 سے زائد انتہائی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے، وہ بھتہ خوری کیلیے لڑکوں کا گروپ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق ملزم تاجروں اور بلڈروں سے بھتہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، اس نے 2009 میں کلاکوٹ پولیس لائنز پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق پکڑا گیا ملزم ارشد پپو، یاسر عرفات اور شیرا پٹھان قتل کیس میں بھی ملوث ہے، اس نے کچھی رابطہ کمیٹی کے کارندوں کو بھی قتل کیا، اس کے ساتھی بابا لاڈلا، جبار لنگڑا اور شیراز کامریڈ مارے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے لیاری گینگ وار کے کمانڈر کو گرفتار کیا تھا جو پولیس اور رینجرز کے ساتھ مقابلوں میں ملوث تھا۔
ملزم میر محمد بخش دشتی وسیم جوزی گروپ کا کمانڈر تھا۔ ملزم کو شیطان چوک پرانا گولی مار سے گرفتار کیا گیا تھا۔
انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم پولیس اور رینجرز کے ساتھ مقابلوں میں ملوث ہے جبکہ قتل، دہشتگردی اور بھتہ خوری سمیت سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔