وکیل نے بلّے کا نشان لینے کیلیے درخواست دی تو میں نے واپس لینے کو کہا، پرویز خٹک

190 ملین پاؤنڈ کیس: پرویز خٹک Pervez Khattak 190 million pound

پشاور: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیریئنز کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ہم پگڑی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے۔

پرویز خٹک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرے وکیل نے فون کر کے بتایا بلّے کے انتخابی نشان کیلیے درخواست دی ہے مل جائے گا، میں نے وکیل سے کہا بلّے کے نشان پر بہت مسئلے ہوں گے لہٰذا درخواست واپس لو ہمارا نشان پگڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں اور بہت تیزی سے دن گزر رہے ہیں، 13 جنوری تک کئی لوگ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شمولیت اختیار کریں گے۔

پرویز خٹک نے واضح کیا کہ میں کسی پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کر رہا میرے سب سے اچھے تعلق ہیں، سیاسی مقابلہ سیاسی میدان میں ہوگا ہر جماعت کا اپنا اپنا منشور ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ خبیر پختونخوا نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کسی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کروں گا، جو بھی اتحاد کرے گا وہ دھوکا ہی دے گا کیونکہ منشور الگ الگ ہیں، جو پارٹی سیٹ ایڈجسمنٹ کرے گی وہ نقصان اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں حرف آخر کوئی چیز نہیں بلکہ اصول ہونے چاہییں، انہی چیزوں نے تو ملک کا بیڑہ غرق کیا ہے ایک جگہ کچھ بولیں دوسری جگہ کچھ۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے صوبے کی خدمت کی بہترین حکومت چلائی ہے، میں نے ہر ضلع میں لوگوں کی خدمت ہے اگر میں نے کچھ کیا نہ ہوتا تو اتنی بڑی باتیں نہ کرتا، میرا پی ٹی آئی کے ساتھ مقابلہ ہے زبردست نتیجہ دوں گا۔

خیال رہے کہ پرویز خٹک نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بلّے کے انتخابی نشان کیلیے پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا تھا۔

مذکورہ دعوے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وضاحت دی گئی تھی کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیریئنز یا کسی کو بلّے کے انتخابی نشان کی پیشکش نہیں کی گئی۔