پنجاب میں اسموگ کم کرنے کیلیے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کا پلان

پنجاب میں اسموگ کم کرنے کیلیے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کا پلان

لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسموگ میں کمی کیلیے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی۔

نگراں وزیر اعلیٰ سے لاہور میں مصنوعی بارش کرنے والی متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کی کلاؤڈ اسیڈنگ ٹیم کے سربراہ احمد الکمال کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں چیف پائلٹ مائیکل اینسٹس Mr. Michael Anstis اور پائلٹ کرنل عبید شامل تھے۔

محسن نقوی نے اسموگ میں کمی کیلیے مصنوعی بارش برسانے والے یو اے ای کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کا لاہور میں کامیاب تجربہ کیا گیا اور ایئر کوالٹی لیول کئی روز 200 سے نیچے رہا، امید ہے جنوری میں مناسب بادل آتے ہی دوبارہ مصنوعی بارش برسائی جائے گی۔

محسن نقوی نے کہا پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش برسا کر یو اے ای کی ٹیم کا نام تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، پاکستانی قوم پائلٹس کی اس کاوش کو فراموش نہیں کر سکتے، مصنوعی بارش برسانے کے حوالے سے یو اے ای کی قیادت کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

ملاقات کے دوران ماہرین نے گفتگو کی کہ امید ہے جنوری میں مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسانے کا دوسرا تجربہ کیا جائے گا۔ ٹیم کے سربراہ احمد الکمال اور وفد کے دیگر ارکان نے شاندار مہمان نوازی پر نگراں وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

پائلٹس کا کہنا تھا کہ لاہور میں بہت پیار ملا پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔