پاکستان میں بچے نزلہ زکام اور بخار میں مبتلا ؟ وجہ سامنے آگئی

پاکستان انفلوئنزا

اسلام آباد : پاکستان میں بچوں اور بڑوں کے نزلہ زکام اور بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے سامنے آگئی ، قومی ادارہ صحت نے بتایا کہ انفلوئنزا اے کی سب ٹائپ H3N2 سے پورے ملک میں لوگ بیمار ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں لوگوں کے بیمار ہونے کا سبب انفلوئنزا کی وبا ہے، انفلوئنزا اے کی سب ٹائپ H3N2 سے پورے ملک میں لوگ بیمار ہو رہے ہیں۔

حکام این آئی ایچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوویڈ 19 کے کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان بھر سے انفلوئنزا کے ہر ہفتے ہزاروں کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ بچوں میں نزلہ زکام اور بخار آرایس وی وائرس کی وجہ سے ہو رہا ہے، یہ انفلوئنزا بوڑھے اور کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے۔

ویکسین کے حوالے سے این آئی ایچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت انفلوئنزا کی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔

ماہرین صحت نے مشورہ دیا ہے کہ انفلوئنزاہونےکی صورت میں اینٹی بائیوٹک ادویات کااستعمال ہرگزنہ کریں اور انفلوئنزاسے بچنے کیلئےماسک استعمال کریں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں۔