این اے 242 سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج

این اے 242 سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج

کراچی کے علاقے کیماڑی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا۔

شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل کی جانب سے چیلنج کیا گیا۔ انہوں نے الیکشن ٹریبونل مین درخواست دائر کی۔

اپیل کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے میرے اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے، قانونی تقاضوں کو نظر انداز کر کے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔

مسعود خان مندوخیل نے استدعا کی کہ ریٹرننگ افسر کا 29 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور شہباز شریف کے کاغزات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

متعلقہ: (ن) لیگ کا مصطفیٰ کمال سے شہباز شریف کے حق میں دستبرداری کا مطالبہ

گزشتہ روز لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 سے سابق وزیر اعظم کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج کر دی گئی تھی۔

صدر (ن) لیگ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف شاہد اورکزئی کی جانب سے اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کی گئی  تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیر اعظم سپریم کورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

اپیل میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف نے ہی ورکرز کے ذریعے سپریم کورٹ پر حملہ کروایا، قانون کے مطابق انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

شاہد اورکزئی نے استدعا کی تھی کہ عدالت ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور ٹریبونل تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے ووٹ منسوخ کرنے کا حکم دے۔