سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنے پر وسیم اکرم نے شاہین کی کلاس لے لی

وسیم اکرم

سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنے پر سابق کپتان وسیم اکرم نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی کلاس لے لی۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ شاہین آفریدی کو بڑا کھلاڑی بننا ہے یا کروڑ پتی، سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ مینجمنٹ کا نہیں بلکہ شاہین کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے اصل کھیل کی کس کو پرواہ ہے، کرکٹرز کو معلوم ہونا چاہیے کہ ٹیسٹ ہی اصل کرکٹ ہے۔

سابق کوچ وقار یونس نے کہا کہ شاہین کے نہ کھیلنے کے فیصلے پر ہنسی آرہی ہے، پچھلے میچ میں وہ بہتر نظر آئے تھے۔

واضح رہے کہ سڈنی ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کو آرام کی غرض سے بٹھایا گیا تھا جبکہ ان کی جگہ اسپنر ساجد خان پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق شاہین کو نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز کے پیش نظر آرام دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز قومی ٹیم 313 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، محمد رضوان 88 اور عامر جمال 82 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آغا سلمان نے 53 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔