ڈان بریڈ مین کے بعد آسٹریلیا کا سب سے عظیم کھلاڑی کون سا کرکٹر بننے جارہا ہے اس بارے میں سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے بتادیا۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی سر ڈونلڈ بریڈ مین کے بعد موجودہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو آسٹریلیا کے دوسرے عظیم کرکٹر کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں کمنٹری کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا میدان میں جو کارنامے پیٹ کمنز انجام دیں گے وہ آنجہانی شین وارن کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔
شین وارن کو ڈان بریڈ مین کے بعد آسٹریلیا کے دوسرے سب سے بہترین کرکٹر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ انھوں نے 708 ٹیسٹ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کررکھا ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بہترین لیگ اسپنر کے طور پر جانے جات ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جب پیٹ کمنز اپنے کیرئیر کا اختتام کریں گے تو سر ڈان بریڈ مین کے بعد آسٹریلیا کے دوسرے عظیم ترین کرکٹر ہونگے۔
میرے خیال میں وہ اس حد تک بہترین کپتان اور بولر ہیں کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرسکتے ہیں اور سب سے بڑھ کر کرکٹ میں ان کے اعداد و شمار بھی بہترین ہیں۔
سابق انگلش کپاتان مائیکل وان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مزید پانچ سے سات سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔