رن وے پر طیاروں میں خوفناک تصادم، بلیک باکس مل گیا

طیارے کی ٹکر سے تباہ ہونے والے جاپان کوسٹ گارڈ طیارے کا بلیک باکس مل گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے اس خوفناک واقعے کی تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تباہ شدہ ملبے، پرزوں اور آلات کا جائزہ لیا۔

اس دوران تفتیشی ٹیم کو کوسٹ گارڈ طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے جس میں ڈیٹا کی مدد سے واقعے کے محرکات سامنے آئیں گے۔

البتہ لینڈنگ کے دوران کوسٹ گارڈ طیارے سے ٹکرانے والے جاپان ایئرلائن کے مسافر طیارے کا بلیک باکس اب تک نہیں مل سکا۔

گزشتہ روز جاپان ایئرلائن کا ہوائی جہاز لینڈنگ کے دوران رن وے پر موجود کوسٹ گارڈ کے چھوٹے طیارے سے ٹکرا گیا جس کے باعث آگ بھڑ اُٹھی تھی۔ ایئرلائن نے بتایا کہ طیارے سے 379 مسافر اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔