ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا دینے کی مخالفت

ری پبلیکنز پرائمری چیلنجرز نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا دینے کی مخالفت کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ری پبلیکنز پرائمری چیلنجرز نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا دینے کی مخالف کر دی ہے اور صدارتی نامزدگی کے امیدواروں نے ٹرمپ کو منتخب ہونے پر صدارتی معافی دلوانے کا اعلان کیا ہے۔

رواں سال نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلیکنز کی جانب سے نامزدگی کے امیدواروں ڈی سینٹس اور نکی ہیلی نے سابق صدر ٹرمپ کو سزا دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو ٹرمپ کو صدارتی معافی دلوائیں گے۔

واضح رہے کہ ری پبلیکنز کی جانب سے صدارتی الیکشن کے لیے نامزدگی کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ پہلے، ڈی سینٹس دوسرے اور نکی ہیلی تیسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر ٹرمپ کو کیپٹل ہل حملہ کیس میں نا اہلی، ٹیکس فراڈ سمیت 91 سنگین الزامات کا سامنا ہے جب کہ امریکا کی دو ریاستوں کی عدالتیں انہیں صدارتی الیکشن لڑنے کے لیے نا اہل بھی قرار دے چکی ہیں۔