’مجھے لگا نہیں بچ پاؤں گی‘ جاپان طیارہ حادثے کے مسافروں نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

جاپان طیارہ

ٹوکیو: جاپان میں طیارے حادثے کے مسافروں نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹوکیو میں خوفناک طیارے حادثے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کئی مسافروں کو بچالیا گیا۔

ٹوکیو کے ہانیڈا ایئرپورٹ کے رن وے پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے تھے جس سے طیاروں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

طیارے میں 379 مسافر سوار تھے جنہیں طیارہ کے رکتے ہی فوری طور پر ایمرجنسی گیٹ سے باہر نکالا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کچھ مسافروں نے جان بچانے کے لیے طیارہ سے کودنے کا فیصلہ کیا اور بیشتر مسافر ایمرجنسی دروازے سے باہر نکلنے لگے۔ دروازے کے باہر نکلنے کے بعد مسافر کھلے میدان میں تیزی کے ساتھ بھاگتے ہوئے دکھائی دیے۔

محض 5 منٹ کے اندر ہی سبھی مسافروں کو طیارہ سے باہر ریسکیو کر لیا گیا۔ طیارہ میں موجود کرو اراکین کی چوکسی نے مسافروں کی جان بچا دی، حالانکہ مسافروں کو اپنا سامان نکالنے کا موقع نہیں ملا۔

تاہم اب اس خوفناک حادثے میں بچنے والے مسافروں نے مشکل وقت کی داستان بیان کی ہے۔ جاپان ایئرلائنس کے طیارہ میں سوار 17 سالہ سویڈش مسافر اینٹون ڈیبی نے بتایا کہ ’کچھ ہی منٹوں میں پورا کیبن دھوئیں سے بھر گیا۔ ہم خود فرش پر لیٹ گئے، پھر ایمرجنسی دروازے کھولے گئے اور ہم باہر کود گئے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ٹکر کے بعد طیارے میں افرا تفری مچ گئی، کیبن کے اندر ہر طرف دھواں پھیل گیا تھا۔ ایمرجنسی دروازہ کھلا تو ہم تیزی سے بھاگے، طیارے سے باہر آنے کے بعد ہم بھاگنے لگے حالانکہ ہمیں بالکل پتہ نہیں تھا کہ ہم کہاں جا رہے ہیں۔

مسافر ساتوشی یاماکے نے حادثہ کے بارے میں بتایا کہ مجھے لگا کہ شروعاتی ٹکر میں ہوائی جہاز ایک طرف جھک گیا تھا۔ پھر اتنی افرا تفری پھیل گئی کہ سبھی پریشان ہو گئے سبھی کو باہر نکلنے میں تقریباً 5 منٹ لگ گئے، میں نے دیکھا کہ آگ نے تقریباً 10 سے 15 منٹ میں پورے طیارہ کو اپنی زد میں لے لیا۔

ایک خاتون مسافر نے کہا کہ میں ایمانداری سے کہوں تو مجھے لگا کہ میں بچ نہیں پاؤں گی۔‘ ایک اور مسافر نے کہا کہ ہم صرف یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ ایک کرشمہ تھا، ہم مر سکتے تھے۔