پی ٹی آئی رہنما شہرام ترکئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل منظور

پی ٹی آئی رہنما شہرام ترکئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل منظور

پشاور: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شہرام ترکئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

شہرام ترکئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس وقار احمد نے کی۔

دورانِ سماعت وکیل نے کہا کہ ریٹرنگ افسر نے مفرور ہونے کی بنا پر کاعذات مسترد کیے ہیں۔ جسٹس وقار احمد نے کہا کہ کیا اپیل کنندہ کو عدالت نے مفرور قرار دیا؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ تفتیش کے دوران مفرور قرار دیے گئے لیکن عدالت نے مفرور قرار نہیں دیا۔

وکیل کے مطابق اگر عدالت نے مفرور قرار دیا تب بھی اس پر کاغذات مسترد نہیں ہو سکتے، ڈار کو عدالت نے مفرور قرار دیا اس کے باوجود اس نے سینیٹ الیکشن لڑا، بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ لوکل گورنمنٹ کیلیے ہے قومی اور صوبائی اسمبلی کیلیے نہیں۔

جسٹس وقار احمد نے استفسار کیا کہ اپیل کنندہ عدالت کے سامنے سرینڈر کیوں نہیں ہوا؟ اس پر بیرسٹر وقار علی نے بتایا کہ آج کل جو حالات ہے اس وجہ سے وہ عدالت میں نہیں  آ سکے، پرسوں ہائی کورٹ میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہیں۔

اس دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ قانون میں اشتہاری کے حوالے سے کوئی چیز نہیں۔ جبکہ وکیل اپیل کنندہ نے کہا کہ اعتراض کنندہ نے مقررہ وقت میں اپیل دائر نہیں کی۔

اعتراض کنندہ وکیل نے کہا کہ اشتہاری کو چاہیے کاعذات سے پہلے عدالت کے سامنے سرینڈر کریں، پاور آف اٹارنی پر یہ اپیل قابل سماعت نہیں۔