الیکشن مؤخر کرنے کی بہت سے لوگوں کی خواہشات ہیں، سینیٹر افنان اللہ

الیکشن مؤخر کرنے کی بہت سے لوگوں کی خواہشات ہیں، سینیٹر افنان اللہ

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ نے سینیٹ میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن مؤخر کرنے کی بہت سے لوگوں کی خواہشات ہیں۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس میں الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کی گئی جس کی مخالفت میں (ن) لیگی سینیٹر افنان اللہ سامنے آئے۔

افنان اللہ نے کہا کہ آپ کہتے ہیں ملک پارلیمنٹ کے بغیر چلے تو ایسے نہیں چلے گا، بہت سے لوگ چاہتے ہیں کے وہ وزیر اعظم رہیں جبکہ کچھ لوگوں کی دہاڑیاں لگی ہوئی ہیں، کسی کی خواہش پر ملک میں الیکشن نہیں ہوتے آئین و قانون کے مطابق الیکشن ہوتے ہیں۔

سینیٹر نے کہا کہ 2013 اور 2018 میں سخت حالات کے دوران الیکشن ہوئے، اچانک سے ایسا کیا ہوا کہ قرارداد پیش کر دی گئی؟ حالات اور موسم کی وجہ سے قومیں انتخابات ملتوی نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلیے سپریم کورٹ کی واضح ہدایات ہیں یہ پتھر پر لکیر ہے، ورلڈ وار ٹو کے باوجود دنیا میں الیکشن ملتوی نہیں ہوئے، عراق اور ایران کی جنگ کے دوران بھی الیکشن ہوئے۔