پیپلزپارٹی نے سینیٹ کی قرارداد کو سپورٹ نہیں کیا، شیری رحمان

شیری رحمان

کراچی: پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن میں تاخیر سے متعلق سینیٹ کی قرارداد کو سپورٹ نہیں کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رہنما شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کے لیے 14 سینیٹرز کی موجودگی میں قرارداد پیش کی گئی، بلاول بھٹو نے واضح کیا ہم کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے، پیپلزپارٹی نے اس قرارداد کو سپورٹ نہیں کیا، اس پر ہمارے دستخط بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہرہ مند تنگی نے کہا میں نے قرارداد کی مخالفت کی اگر ان کی مخالفت واضح نہیں تھی تو ہونی چاہیے تھی، سینیٹ کی ویڈیو دیکھ کر بہر مند تنگی سے وضاحت لیں گے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ہمارا واضح موقف ہے الیکشن کروانے کے لیے سب سے آگے رہے ہیں، الیکشن وقت پر ہوں، بے یقینی نہیں ہونی چاہیے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ بہت سی پارٹیاں الیکشن سے پیچھے ہٹ رہی تھیں ہم نے بات کی، الیکشن کے لیے ہماری تیاری پوری ہے، ٹکٹس بھی فائنل ہیں، پیپلزپارٹی منصفانہ انتخابات چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا سب سے بڑا ہدف پیپلزپارٹی رہی ہے، بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی الیکشن ہوئے تھے، یہ موقف بالکل واضح ہے ہم انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے۔