پاکستان سڈنی ٹیسٹ میں کیسے واپس آسکتا ہے؟ عامر جمال نے بتادیا

عامر جمال

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال کا کہنا ہے کہ 150 سے 170 رنز کی برتری حاصل کرلی تو میچ میں واپسی کرسکتے ہیں۔

سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کھیل کے اختتام پر 68 رنز پر 7 وکٹیں گر چکی ہیں، پاکستان کو 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔

محمد رضوان 6 اور عامر جمال بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور ٹریوس ہیڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تاہم میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر عامر جمال نے کہا کہ دوسری اننگز میں پچ بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھی، اگر 150 سے 170 کی برتری حاصل کرلی تو میچ میں واپس آسکتے ہیں۔

عامر جمال نے کہا کہ میرا ہدف ہے سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر بنوں، کوشش ہے آسٹریلیا کے خلاف تگڑی بولنگ کریں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، محمد رضوان نے 88 اور عامر جمال نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔