دنیا میں کورونا کیسز میں اضافہ، ملکی ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ شروع

دنیا کے مختلف ملکوں میں کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد پاکستان کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ ہدایات کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی وبائی مرض کورونا کے نئے ویرینٹ کی آمد اور مختلف ملکوں میں کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد پاکستان بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مسافروں کی اسکریننگ کے حوالے سے ہدایات کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق این سی او سی کی ہدایت پر ملک کے تمام بین الاقوامی فلائٹس کے 2 فیصد مسافروں کی اسکریننگ کے احکامات کا فوری نفاذ کر دیا گیا ہے جس کے بعد مسافروں کی اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔

سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر این سی او سی ہدایات کے مطابق ہر فلائٹ کے 2 فیصد مسافروں کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ ہوگا۔

سی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ دن میں کم سے کم ایک مرتبہ مسافر لاؤنجز میں فیومیگیشن کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جب کہ ایئر پورٹس پرعملے کو بارڈر ہیلتھ سروسز اہلکاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا کے نئے ویریئنٹ نے دنیا کے کئی ممالک میں دوبارہ پنجے گاڑنا شروع کر دیے ہیں اور وہاں کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کئی ممالک میں طبی ایمرجنسی کا نفاذ بھی کیا جا رہا ہے۔