بالی ووڈ کی فلم ’اینیمل‘ کے اداکار منجوت سنگھ نے خودکشی کرنے والی لڑکی کی جان بچالی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’اینیمل‘ میں رنبیر کپور کے کزن کا کردار نبھانے والے اداکار منجوت سنگھ نے سال 2019 میں ایک لڑکی کی جان بچائی تھی جس نے چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔
تاہم اب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے بلڈنگ کی چھت سے چھلانگ لگانے والی لڑکی کو بچایا۔
منجوت سنگھ نے اپنی وائرل ویڈیو کے حوالے سے بھارتی میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا تو سب لوگ خوفزدہ تھے کیونکہ وہ لڑکی کسی کو بھی اپنے قریب نہیں آنے دے رہی تھی اور جو بھی اس کے پاس جانے کی کوشش کرتا تو وہ چھت سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دے رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے لڑکی سے بات چیت کرنا شروع کی اور پوچھا کہ وہ اتنا بڑا قدم کیوں اٹھا رہی ہے جس پر لڑکی نے کہا کہ اس کا اپنی والدہ کے ساتھ جھگڑا ہوا ہے۔
اداکار نے کہا کہ لڑکی کی بات سن کر جیسے ہی میں لڑکی کے قریب گیا تو اس نے چھلانگ لگا دی لیکن میں خوش قسمتی سے اس لڑکی کو زندہ بچانے میں کامیاب ہوا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکار کے اقدام کی تعریف کی گئی اور انہیں ہیرو قرار دیا۔