ملک بھر میں سردی بڑھ گئی، کراچی میں سرد ہواؤں کے ڈیرے

ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے آج کہیں بارش تو کہیں برفباری ہوگی جب کہ شہر قائد کے باسی چھٹی کا دن سرد ہواؤں کے ساتھ گزاریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں سرد کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور میں خون جما دینے والی سردی جب کہ کراچی میں سرد ہواؤں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ آج کہیں بارش تو کہیں برفباری کا امکان ہے جب کہ بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد ہو گیا ہے اور شہری آج چھٹی کا دن سرد ہواؤں کے ساتھ گزاریں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر تیز اور سرد ہوائیں چلیں گی جبکہ رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں مذید اضافہ ہوگا۔ شہر قائد کا پارہ آج 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

لاہورمیں خون جما دینے والی سردی شروع ہو گئی ہے اور شہر کا درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ دوسری جانب دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سکیشنز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

سکھر میں درجہ حرات کم ہو کر 8 ڈگری اور دادو میں 9 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جب  کہ دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہ گئی ہے۔ موٹر ویز کئی مقامات پر بند، قومی شاہراہ، انڈس ہائی وے پر بھی ٹریفک دھند کے باعث متاثر ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کوئٹہ، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، نوشکی، چاغی، تربت، گوادر میں کہیں بارش تو کہیں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب، خیبر پختونخوا کے بالائی اور سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ رہیں گے۔