رہنما پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ چند افراد کی منشا پر عوام کو مرضی کی حکومت منتخب کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔
سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم کو بہادر لیڈرشپ کی ضرورت ہے جیسے بینظیر بھٹو شہید نے بارودی سرنگیں پر چل کر انتخابی مہم چلائی تھی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پچھلے 3 انتخابات میں دہشتگردوں کا مقابلہ کیا تھا، دراصل عوام کی عدالت کے متوقع فیصلے سے کچھ لوگ ڈرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں انتخابات کا ماحول تیار ہو چکا ہے اور ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام بے روزگاری اور مہنگائی سے نجات کیلیے مرضی کی حکومت چاہتے ہیں، مخالفین جانتے ہیں بلاول بھٹو زرداری انتخابات جیت کر وزیر اعظم بن رہا ہے۔
کریم فیصل کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے منشور نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔