اٹلی نے یورپی یونین کی مشترکہ فوج بنانے کا مطالبہ کر دیا

اٹلی نے یورپی یونین کی مشترکہ فوج بنانے کا مطالبہ کر دیا

اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی یونین کو اپنی مشترکہ فوج تشکیل دینی چاہیے جو امن قائم کرنے اور تنازعات کو روکنے میں کردار ادا کر سکے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اطالوی وزیر انتونیو تاجانی نے ایک روزنامے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر ہم دنیا میں امن چاہتے ہیں تو اس کیلیے یورپی فوج کی ضرورت ہے۔

انتونیو تاجانی نے کہا کہ امریکا، چین، بھارت اور روس جیسے طاقتور ممالک کی دنیا میں یورپی یونین کے ذریعے ہی اٹلی، جرمن اور فرانسیسی شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

عالمی طاقتوں نے روس یوکرین جنگ کے بعد نیٹو کی توسیع پر زیادہ توجہ دی ہے۔ فن لینڈ گزشتہ سال اس اتحاد میں شامل ہوا جبکہ سویڈن بھی رکن بننے کے قریب ہے۔

اطالوی وزیر خارجہ نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین کو یورپی کونسل کے صدر اور یورپی کمیشن کے صدر کے موجودہ ڈھانچے کے بجائے ایک ہی صدارت حاصل کرنی چاہیے۔