وزارت صحت نے کورونا کے نئے ویرئینٹ JN1 جو کہ اومیکرون کا زیلی وائرس ہے کے چار کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کردی۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق تمام متاثرہ افراد میں نئے کورونا ویرینٹ کی ہلکی علامات تھیں، چاروں مریض بغیر کسی پیچیدگی کے صحت یاب ہو جائیں گے۔
وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا ہے کہ صورت حال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، انٹرنیشنل ایئرپورٹس تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسکریننگ کا موثر نظام موجود ہے، بارڈر ہیلتھ سروسز کا داراہ انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کر رکھا ہے۔
وزیر صحت کی ہدایات پر بیماریوں کی نگرانی کیلئے بارڈر ہیلتھ سروسز، قومی و صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز، لیبز مکمل فعال اور چوکس ہیں۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ وفاق اور صوبے مکمل طور پر الرٹ ہیں پاکستان کی 90 فی صد اہل آبادی کو پہلے سے ویکسین لگ چکی ہے، سردیوں میں کووڈ یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ماسک، فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔