منوج باجپائی نے شاہ رخ سے اپنی پرانی دوستی کے حوالے سے کیا کہا؟

اپنی جاندار اداکاری کے لیے مشہور اور نیشنل ایوارڈ ونر منوج باجپائی نے کنگ خان سے اپنی پرانی دوستی کے حوالے سے لب کشائی کی ہے۔

منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ میری اور شاہ رخ کی دنیا ہمیشہ سے مختلف رہی ہے۔ حالیہ انٹرویو میں منوج باجپائی نے شاہ رخ اور اپنے تعلق کے بارے میں بتایا کہ میں کبھی بھی کنگ خان کے قریبی لوگوں میں شامل نہیں رہا۔

تین بار بھارت کا نیشنل ایوارڈ جیتنے والے اداکار نے بتایا کہ ماضی میں جب ہم ساتھ دہلی میں ہوا کرتے تھے تو بھی ہماری دوستی ایسی کوئی خاص نہیں تھی، ہم ایک گروپ میں ضرور تھے تاہم شاہ رخ کا اپنا فرینڈ سرکل تھا، میری اپنی دوستیاں ہوتی تھیں۔

’صرف ایک بندہ کافی ہے‘ کے اداکار منوج کا نوجوانی کے دور کے حوالے سے کہنا تھا کہ جب آپ ایک ہی گروپ میں کام کرتے ہیں تو جان پہچان ہوتی ہے، سب کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ہوتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ہم ایک گروپ میں تھے لیکن ہمارے دوستوں کے سرکل بالکل ہی الگ تھے، میں کبھی بھی شاہ رخ کے قریبی دوستوں میں شامل نہیں رہا۔

منوج باجپائی نے بالی وڈ کنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ شاہ رخ خان اور میں دو مختلف دنیاؤں کے فرد ہیں۔ اب ہمارا ملنا ہی تو نہیں ہوتا، ہمارے تو راستے بھی نہیں ٹکراتے۔

ماضی میں ایک گروپ کا حصہ رہنے والے منوج اور شاہ رخ بھارتی فلم انڈسٹری کے جانے مانے اداکار ہیں۔ ایک بالی وڈ کے کنگ ہیں تو دوسرے نے غیر روایتی کرداروں کے ذریعے اپنی پہچان بنائی ہے۔