کشمالہ طلعت نے پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا

ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ میں چاندی کے تمغے نے پاکستانی شوٹر کشمالہ طلعت کے لیے  پیرس اولمپکس کے دروازے کھول دیئے۔

پاکستان کی کشمالہ طلعت نے جکارتہ میں بڑی کامیابی کے ساتھ پیرس اولمپکس کےلیے کوالیفائی کرلیا، کشمالہ نے دس میٹر ائیرپسٹل کیٹگری میں شاندار کارکردگی دکھائی۔

کوالیفیکشن راؤنڈ میں 575 پوائنٹس حاصل کیے اور فائنل راؤنڈ میں 236.3 کے اسکور کے ساتھ ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا، سلور میڈل جیتنے کے بعد انہوں نے اولمپکس کوٹہ حاصل کرلیا ہے۔

بھارت کی ایشا سنگھ (243.1 اسکور کے ساتھ) اور ریتھم سنگوان (214.5 اسکور کے ساتھ) نے بالترتیب طلائی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

کشمالہ نے گزشتہ سال ایشین گیمز میں بھی کانسی کا تمغہ جیتا تھا، یاد رہے کہ پیرس اولمپکس رواں سال جولائی میں ہوں گے۔