بھارتی گلوکارہ شریا گوشال اور موسیقار وشال مشرا پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر کا مشہور گانا ’جھوم‘ اپنی آواز میں ریکارڈ کروائیں گے۔
شریا گوشال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ میں ہمیشہ سے علی ظفر اور ان کے خوبصورت گانے ’جھوم‘ کی بڑی مداح رہی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ گانا میرے دل کے بہت قریب ہے لہٰذا میں وشال مشرا کے ساتھ فلم ’کرک‘ کیلیے ایک بار پھر ’جھوم‘ سنانے کیلیے انتظار نہیں کر سکتی۔
متعلقہ: علی ظفر نے اپنی خوبصورتی کا راز بتا کر سب کو حیران کر دیا
شریا گوشال کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے ان کے الفاظ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ آپ خود ہمارے دور کے سب سے متاثر کُن اور مشہور گلوکاروں میں سے ایک ہیں۔
علی ظفر نے لکھا کہ میں آپ اور وشال مشرا کی آواز میں ’جھوم‘ سننے کیلیے انتظار نہیں کر سکتا، امید ہے آپ لوگ اس کے ساتھ انصاف کریں گے۔
پاکستانی گلوکار و اداکار نے بھارتی فنکاروں کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔