پراوین کمار کا اپنے ہم عصر بھارتی کرکٹرز پر شرمناک الزام

بھارت کے سابق کرکٹر پراوین کمار نے اپنے دور کے سینیئر بھارتی کھلاڑیوں پر سنگین اور شرمناک الزام عائد کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پراوین کمار نے ایک انٹرویو میں اپنے دور کے بھارتی کرکٹرز پر شراب پینے کا سنگین الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ پیتے سب ہی تھے لیکن اس حوالے سے بدنام صرف مجھے ہی کیا گیا اور مجھے ہی شرابی کہا گیا۔

جب سابق کرکٹر سے سوال کیا گیا کہ کیا سچن ٹنڈولکر، سارو گنگولی اور راہول ڈریوڈ بھی شراب پیتے تھے تو پراوین کا کہنا تھا کہ میں کسی کا نام لینا نہیں چاہتا لیکن یہ بات سب جانتے ہیں کہ کون شراب پیتا ہے۔

پراوین کمار بھارتی کرکٹ ٹیم کے نا پسندیدہ مشاغل کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ٹیم میں گئے تو سب نے ان سے کہا کہ شراب نہیں پینا، یہ نہیں کرنا وہ نہیں کرنا، مگر میں نے دیکھا کہ جس کام سے مجھے منع کیا گیا تھا وہی کام دوسرے کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شراب کے حوالے سے صرف مجھے ہی بدنام کر دیا گیا، اسی وجہ سے مجھے بھارتی ٹیم کی کوچنگ جاب نہیں ملی جب کہ رنجی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

واضح رہے کہ پراوین کمار نے 2007 سے 2012 تک بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے۔