لاہور: شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار خالد بٹ رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پی ٹی وی کے معروف اداکار محسن گیلانی نے سینئر اداکار خالد بٹ کے انتقال کی اطلاع دی، وہ کئی روز سے علیل تھے۔
خالد بٹ کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
انہوں نے شوبز کیریئر کا آغاز 1970 میں بطور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کیا اور 1978 میں انہیں بطور اداکار اپنی پہلی پرفارمنس دکھانے کا موقع ملا۔
خالد بٹ نے طویل کیریئر میں بے شمار ٹی وی ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں کام کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے خالد بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی جارہی ہے۔