پہلے میچ میں تہلکہ مچانے والے عباس آفریدی کس مشہور کرکٹر کے رشتے دار ہیں؟

عباس آفریدی نے اپنے ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی میچ میں تین وکٹیں لے کر تہلکہ مچا دیا لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ وہ ایک مشہور سابق فاسٹ بولر کے بھتیجے ہیں۔

آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے عباس آفریدی نے پہلے ہی میچ میں تین وکٹیں لے کر شائقین اور ماہرین کرکٹ کو اپنی تعریف پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے کیوی کپتان کین ولیمسن، اوپنر فن ایلن اور گلین فلپس کی قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔

عباس آفریدی نے اپنے پہلے میچ سے کرکٹ میں اپنے روشن مستقبل کی نوید دے دی ہے۔ کرکٹ ان کے خون میں دوڑتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مایہ ناز فاسٹ بولر اور موجودہ کوچ عمر گل کے بھتیجے ہیں۔

میچ سے قبل عباس کو ان کے چچا نے ہی ڈیبیو کیپ دی۔ اس موقع پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی اپنے چاچو سے ہی ڈیبیو کیپ لینا چاہتا تھا اور میری یہ خواہش پوری ہوگئی۔

عباس نے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کی اپنے ملک کے لیے کھیلنے کی خواہش ہوتی ہے اور میرا بھی خواب تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلوں اور میری خوش نصیبی ہے کہ آج وہ دن آ گیا ہے۔

اس موقع پر بولنگ کوچ عمر گل نے اپنے بھتیجے عباس آفریدی کے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 ڈیبیو پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے خاندان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔

پہلا میچ اور 3 وکٹیں، عباس آفریدی نے اپنا ڈیبیو یادگار بنا لیا

عمر گل نے عباس آفریدی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کرنا جس طرح ڈومیسٹک میں پُر فارم کیا اب بھی اسی طرح  کی کارکردگی کو برقرار رکھنا اور پاکستان کے نام کو ہمیشہ اوپر رکھنا۔