اسلام آباد: پاور ڈویژن نے بجلی کمپنیوں میں اہم تعیناتیوں کیلئے پالیسی تیارکرلی، جس میں سی لیول پوسٹس پر مارکیٹ پروفیشنلز تعینات کرنے کی تجویز ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کمپنیوں میں بہتری لانے کیلئے حکومت کا ایک اور اقدام سامنے آیا، ڈسکوز میں اہم عہدوں پر تعیناتیاں پبلک سیکٹر کمپنیز رولز کے تحت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے کمپنیوں میں اہم تعیناتیوں کیلئے پالیسی تیارکرلی ، پاورڈویژن کی سمری بجلی کمپنیوں کے بورڈز کو ارسال کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بجلی کمپنیوں میں سی لیول پوسٹس پرمارکیٹ پروفیشنلز تعینات کرنے اور مستقبل میں سی لیول پوسٹس پر بجلی کمپنیوں کے افسران کو تعینات نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ چیف فنانشل آفیسر،کمپنی سیکرٹری چیف انٹرنل آڈیٹر مارکیٹ سے لینے کی تجویز بھی سامنے آئی جبکہ بجلی کمپنیوں میں کیرئیر پلاننگ آفیسر،چیف لیگل آفیسر ، چیف کمرشل آفیسر،انجینئرنگ ایڈوائزر،چیف انفارمیشن ٹیکنالوجی آفیسر کی پوسٹس بھی تخلیق کرنے کی تجویز ہے۔
ڈسکوزمیں چیف سپلائی چین مینجمنٹ آفیسر کی پوسٹ تخلیق کرنے کی تجویز دی گئی اور ڈسکوز کے بورڈز کو ان عہدوں سے متعلق پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے، اقدام کا مقصد ڈسکوز میں کلچرل شفٹ کے ذریعے بہتری لانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک کمپنی کےافسران دوسری کمپنی میں بھجوانے کی تجویز بورڈ کوبھجوائی جاچکی ہے۔