چلتی ٹرین میں خاتون سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے چور کو مسافروں نے پکڑ کر انوکھی سزا دی اور اسے چلتی ٹرین میں باہر لٹکا دیا۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا ہے جہاں چوری میں ناکامی پر چور نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن مسافروں نے اس کو ناکام بنا دیا اور سزا کے طور پر اسے پکڑ کر چلتی ٹرین سے باہر لٹکا دیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے بھاگل پور کے قریب مسافروں کے بھیس میں ایک چور بھی ٹرین میں سوار ہوا اور اس نے ایک خاتون مسافر سے موبائل فون چھین کر ٹرین سے فرار ہونے کی کوشش کی اور چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی لیکن دوسرے مسافروں نے اسے فورا پکڑ لیا۔
مسافروں نے بطور سزا چور کو ریل گاڑی کے دروازے سے باہر لٹکا دیا اور وہ تیز رفتار ٹرین میں ایک کلو میٹر سے زیادہ مسافت تک لٹکا رہا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور ٹرین کے دروازے سے باہر فضا میں لٹکا ہوا ہے۔ اس دوران ٹرین میں موجود مسافر اس چور کے تھپڑ بھی مارتے ہیں۔
Kalesh near Bhagalpur Bihar, a snatcher was snatching a passenger's phone from a moving train, but he could not succeed in it and the passenger caught the snatcher and carried him hanging for about a kilometer
pic.twitter.com/66wIJmzWjS— Ghar Ke Kalesh (@gharkekalesh) January 17, 2024
دوسری جانب چور ٹرین کے اطراف آنے والے کھمبوں اور دیگر رکاوٹوں سے خود کو محفوظ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے وہ مسافروں کے شکنجے سے بچنے اور فرار ہونے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس میں کامیاب نہیں ہو پاتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ مسافروں سے رحم کی التجا کرتے ہوئے یہ بھی کہتا ہے کہ اس کا ہاتھ ٹوٹ جائے گا اسے چھوڑ دو۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعد ازاں چور کے مبینہ ساتھی اسے بچا کر اپنے ساتھ لے گئے۔
واضح رہے کہ اسی نوعیت کا ایک واقعہ اس سے قبل بھی پیش آیا تھا جب بیگو سرائے میں ایک مسافر نے چورکر پکڑ کر چلتی ٹرین کی کھڑکی سے 15 کلومیٹر تک باہر لٹکتا چھوڑ دیا تھا۔