جونیئر کرکٹ کا کون ہوگا سلطان؟ آج سے سج رہا ہے انڈر 19 ورلڈ کپ کا میدان

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے 15 ویں ایڈیشن کا آج سے جنوبی افریقہ مین آغاز ہو رہا ہے افتتاحی میچ امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کرکٹ شائقین سنسنی خیز میچز کے لیے ہو جائیں تیار کہ آج سے جنوبی افریقہ میں سج رہا ہے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے 15 ویں ایڈیشن کا میدان۔ میگا ایونٹ کے میچز پانچ وینیوز پر منعقد ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 11 فروری کو بینونی میں کھیلا جائے گا۔

بھارت دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ایونٹ میں شریک ہے تاہم افتتاحی میچ میں آج امریکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جب کہ میزبان جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز بھی پہلے دن ٹکرائیں گے۔

اس جونیئر میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان گروپ ڈی میں نیوزی لینڈ، افغانستان اور نیپال کے ساتھ موجود ہے۔ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں کل (ہفتہ) ایکشن میں ہوں گی۔ سعد بیگ کی قیادت میں کھیلنے والی قومی ٹیم ایک ہفتے سے جنوبی افریقہ میں ہے۔

 

پاکستان اور افغانستان کا آخری میچ انڈر نائن ٹین ایشیا کپ میں ہوا تھا جس میں قومی ٹیم 83 رنزسے فاتح رہی تھی۔ کپتان سعد بیگ نے ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس دینے کا اظہارکیا ہے۔

اب تک بھارت سب سے زیادہ پانچ بار جونیئر کرکٹ کا چیمپئن بن چکا ہے، آسٹریلیا تین جب کہ پاکستان دو مرتبہ انڈر 19 ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھا چکے ہیں۔