اسلام آباد: ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد اضافے کے بعد اس کی سالانہ شرح 44.64 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے جن کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز 18 روپے 31 پیسے، ٹماٹر 10 روپے 78 پیسے، برائلر مرغی 9 روپے 86 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق لہسن 12 روپے 71 پیسے فی کلو، کیلے 2 روپے 55 پیسے فی درجن، دال ماش 8 روپے 52 پیسے، دال مونگ 4 روپے 37 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
ایک ہفتے کے دوران بیف 10 روپے 22 پیسے، مٹن 7 روپے 52 پیسے فی کلو، ایل پی جی کا سلنڈر 28 روپے 92 پیسے، دال چنا، دال مسور اور باسمتی چاول بھی مہنگے ہوئے۔
علاوہ ازیں، ایک ہفتے میں 8 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق آلو 2 روپے 32 پیسے فی کلو، چینی ایک روپے 32 پیسے فی کلو، اڑھائی کلو گھی کا ٹن ایک روپے 78 پیسے، 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک روپے 85 پیسے سستا ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔