کوئٹہ : نگراں وزیراعلٰی بلوچستان میر مردان ڈومکی کی زیر صدارت اجلاس میں دور درازعلاقوں میں الیکشن مٹیریل کی ترسیل ہیلی کاپٹر سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلٰی میر مردان ڈومکی کی زیرصدارت انتخابات کے پر امن انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دور درازعلاقوں میں الیکشن مٹیریل کی ترسیل ہیلی کاپٹر سے ہوگی۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ زیارت اورسرد علاقوں میں ممکنہ برفباری کی صورت میں مشینری موجود ہوگی۔
اجلاس میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی تعیناتی، کیمروں کی تنصیب اور انتخابی سامان کی ترسیل سے متعلق بھی فیصلے کئے گئے۔
حکام نے بریفنگ میں کہا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے،الیکشن ڈیوٹی کے لئے ریٹائرڈ سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
وزیر اعلٰی بلوچستان میر مردان ڈومکی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق اب تک کیے گئے اقدامات اطمینان بخش ہیں، قیام امن کیلئے کیے گئے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے، الیکشن سےمتعلق امیدواروں اور عوام کے تحفظات کا فوری ازالہ کیا جائے۔