پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ زویا ناصر نے اپنے انتقال کی گردش کرتی افواہوں پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔
پچھلے دنوں زویا ناصر کے انتقال کی افواہیں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش کرتی رہیں جن پر اداکارہ کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز زویا ناصر ایک پوڈکاسٹ میں مہمان بنیں جہاں انہوں نے افواہوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اصل میں میری بھابھی کا انتقال ہوا تھا اور یہ بہت اچانک تھا۔
متعلقہ: اداکارہ زویا ناصر نے اپنی تلخ زندگی کے بڑے راز سے پردہ اٹھا دیا
اداکارہ نے بتایا کہ میں اپنی بھابھی کے بہت زیادہ قریب تھی کیونکہ میں بچپن سے ان کے ساتھ رہی، بھابھی کا انتقال ہمارے لیے بہت بڑا صدمہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گھر میں فوتگی کے باعث میں سوشل میڈیا سے دور رہی اور کسی کا فون بھی نہیں سنا جس کی وجہ سے مجھے ان افواہوں کے بارے میں پتا نہیں چلا۔
زویا ناصر نے بتایا کہ ایک میڈیا آؤٹ لیٹ سے غلطی ہوگئی تھی کہ ناصر ادیب کی بیٹی کا انتقال ہوا ہے یا بہو کا، پھر میرے انتقال کی خبریں پھیل گئیں۔
اداکارہ معروف ادیب، فلم کہانی و مکالمہ نویس، نغمہ نگار ناصر ادیب کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرے اپنے‘ میں منفی کردار ادا کیا تھا جبکہ اس کے علاوہ بھی وہ ڈراموں میں نظر آئیں۔