پاکستان میں کتنے بچے اسکولوں سے باہر ہیں؟ وزارت تعلیم کی رپورٹ تیار

اسلام آباد: وزارت تعلیم نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں پاکستان میں اسکولوں سے باہر بچوں کے اعداد و شمار دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت تعلیم نے ملک میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد پر ایک رپورٹ تیار کی ہے، یہ رپورٹ 22-2021 کے ڈیٹا پر تیار کی گئی ہے، جو کل جاری کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں، جب کہ سندھ میں 76 لاکھ 30 ہزار بچے اسکول نہیں جا رہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا میں 36 لاکھ 30 ہزار بچے اسکول نہیں جا رہے، بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں، جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 80 ہزار بچے ایسے ہیں جو اسکول نہیں جا رہے۔

39 فی صد بچے مختلف وجوہ کی بنا پر اسکول نہیں جا رہے، سب سے زیادہ بلوچستان میں 65 فی صد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، بلوچستان کی نسبت خیبر پختون خوا کا تعلیمی معیار بہتر ہے، کے پی میں 30 فی صد بچے اسکول نہیں جا رہے۔

رپورٹ کے مطابق 2016 اور2017 میں 44 فی صد بچے اسکولوں سے باہر تھے، 2021 اور 2022 میں 39 فی صد بچے اسکولوں سے باہر تھے، انٹر سطح پر دیکھا جائے تو 60 فی صد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں، جب کہ میٹرک، مڈل اور پرائمری سطح پر بالترتیب 44 فی صد، 30 فی صد اور 36 فی صد بچے اسکول نہیں جا رہے۔