اسلام آباد: جمعیت علمائے پاکستان کے نورانی گروپ نے 8 فروری ہکو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
رہنما پیپلز پارٹی نیئر بخاری سے جے یو پی نورانی گروپ کے رہنما صفدر شاہ گیلانی نے ملاقات کی۔ اس دوران صفدر شاہ گیلانی کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کی حمایت کرے گی۔
صفدر شاہ گیلانی نے کہا کہ نورانی گروپ اپنے امیدواران دستبردار کرائے گی، پیپلز پارٹی فرقہ واریت کے خلاف ہے اس لیے حمایت قومی فریضہ ہے۔
ادھر، نیئر بخاری نے کہا کہ نورانی گروپ کی حمایت کے شکر گزار ہیں، پیپلز پارٹی ملک کو معاشی گرداب سے نکال سکتی ہے، ہمارے عوامی معاشی معاہدے میں ملکی مسائل کا حل موجود ہے۔
متعلقہ: این اے 44: مولانا فضل الرحمان کیخلاف اہم سیاسی اتحاد سامنے آگیا
اس سے قبل، پیپلز پارٹی کو خبیر پختونخوا سے بڑی سیاسی کامیابی ملی تھی۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ پارٹی کے وفد نے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر سے گزشتہ رات پشاور میں ملاقات کی، ملاقات میں عاصمہ ارباب بھی شریک تھیں۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ وفد کی قیادت صدر خیبر پختونخوا محمد علی شاہ باچا نے کی۔ ملاقات کے دوران ارباب عالمگیر نے وفد کو اپنے شکوے اور تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
پیپلز پارٹی نے ارباب عالمگیر اور عاصمہ ارباب کے گلے شکوے دور کیے تھے۔ ارباب خاندان کو ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا جائے گا۔ ارباب عالمگیر کو پشاور سے قومی اسمبلی جبکہ ان کے بیٹے کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا جائے گا۔
ارباب عالمگیر سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ارباب جہانگیر کے صاحبزادے ہیں۔ ارباب عالمگیر اور عاصمہ ارباب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر تھے۔