آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر 2023 کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں زیادہ تر آسٹریلوی کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں منتخب کرکے ان کی پرفارمنس کو سراہا ہے۔ تاہم کوئی بھی پاکستان کرکٹر ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔
آسٹریلیا کے مایہ ناز کپتان پیٹ کمنز کو آئی سی سی نے اس ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپی ہے۔ ان کے ساتھی کھلاڑیوں عثمان خواجہ، ٹریوس ہیڈ، ایلیکس کیری اور میچل اسٹارک بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
انگلینڈ کے دو کرکٹرز کو ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا حصہ بناتے ہوئے جو روٹ اور اسٹیورٹ براڈ کو منتخب کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ بھارتی اسپنرز رویندرا جڈیجا اور روی چندرن ایشون کو بھی ٹیم شامل کیا گیا ہے جبکہ سری لنکن دیمتھ کرونا رتنے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن بھی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر2023 کے لیے بھی کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس ٹیم کا کپتان بھارت کے روہت شرما منتخب کیا گیا تھا جبکہ اس میں بھی کوئی پاکستان کرکٹر شامل نہیں تھا۔