اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کیلیے حتمی پولنگ اسکیم تیار کر لی۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ملک بھر میں 92 ہزار 353 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے جن میں سے صرف 52 ہزار 412 پنجاب میں بنائے گئے ہیں۔
پنجاب میں 15 ہزار 617 حساس اور 6 ہزار 40 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 15 ہزار 737 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 180 حساس جبکہ 4 ہزار 726 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
اسی طرح، سندھ میں قائم ہونے والے پولنگ اسٹیشنز میں سے 6 ہزار 576 حساس اور 7 ہزار 802 انتہائی حساس قرار دیے گئے۔ بلوچستان میں 25 ہزار 68 حساس اور 2 ہزار 38 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔
ادھر، پنجاب میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے ہر بوتھ پر سی سی ٹی وی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان اور چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی تھی اور سکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور کمیونی کیشن پلان کے حوالے سے بات کی گئی تھی۔
اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کیلیے مناسب انتظامات کیے جائیں اور تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران پولنگ بیگ کی تیاری کے عمل کی نگرانی کریں۔
انہوں نے کہا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز پر تمام بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے، شکایت کے ازالے کیلیے کنٹرول رومز کو مزید فعال کیا جائے، الیکشن کے دن 5 لاکھ 70 ہزار تک عملہ تعینات ہوگا، الیکشن عملے کی ٹریننگ 29 جنوری تک مکمل ہوگی۔