ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی قیادت کون کرے گا؟

آسٹریلیا نے رواں سال جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے باضابطہ کسی کپتان کا اعلان نہیں کیا لیکن مچل مارش ممکننہ کپتان ہو سکتے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے آسٹریلیا نے تاحال باضابطہ قیادت کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم اس عہدے کے لیے مچل مارش کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

مچل مارش کو میگا ایونٹ کے لیے قیادت سونپے جانے کے امکان کو تقویت کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے انہیں ورلڈ کپ سے پانچ ماہ قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا کپتان مقرر کیے جانے سے بھی ملتی ہے۔

آسٹریلیا کے سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان ایرون فنچ کے 2022 کے ورلڈ کپ میں ریٹائرڈ ہونے کے بعد سے کینگروز نے اب تک صرف دو ٹی ٹوئنٹی سریز کھیلی ہیں جن میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی کپتان مچل مارش کو دی گئی تھی اور اس میں آسٹریلیا نے تین صفر سے پروٹیز کو چت کیا تھا۔

حالیہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فوری بعد بھارت کے خلاف میتھیو ہیڈ نے قیادت کی تھی اور یہ سیریز بھارت نے اپنے نام کی تھی۔

آسٹریلوی سلیکٹرز نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آسٹریلیا کا مستقل ٹی20 کپتان کون ہوگا تاہم سلیکٹرز کے چیئرمین جارج بیلی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے بعد ٹیم کے مستقل کپتان کا فیصلہ کیا جائے گا۔

9 فروری سے شروع ہونے والی تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں مچل مارش پہلی مرتبہ اپنی سر زمین پر قیادت کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔