8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگائیں 9 فروری کو اس کی ٹکٹ کا بندوبست کرونگا، بلاول

گجرات: پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بننے سے روکنا ہے۔

گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ میرا ساتھ دیں ہم شیر کے شکار کا بندوبست کریں گے، پی ٹی آئی کارکنان آزاد امیدوار کو بھی ووٹ ڈالیں گے تو وہ بھی شیر کو جائے گا، اپنے جذبے اور ناراضگی کی وجہ سے ووٹ ضائع نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پلاننگ کے تحت ووٹ کا استعمال کریں، آپ سمجھیں اب صرف دو جماعتوں کا مقابلہ ہے، اگر آپ نے شیر، ن لیگ کا راستہ روکنا ہے تو پیپلزپارٹی کا ساتھ دینا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ لوگ 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگائیں 9 فروری کو میں خود اس کی ٹکٹ کا بندوبست کروں گا، 9 فروری کو ایون فیلڈ لندن واپس چلا جائے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنوادیا، بانی پی ٹی آئی رہا نہیں اب یہ الیکشن جیت جائیں گے، ایک ہی موقع ہے ان کی سازش ناکام کرنے کے لیے 8 فروری کو تیر پر مہر لگائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ پیپلزپارٹی کوجتوائیں ہم رائیونڈ میں بھی مفت اسپتال بنا کردینگے، قائدعوام کا خواب تھا اس ملک کا کوئی شہری، بچہ بھوکا نہ سوئے، بھوک کا مقابلہ کرنے کیلئے بھوک مٹاؤ پروگرام لائیں گے۔