بھارت میں بلڈ کینسر میں مبتلا بچے کو گھر والوں نے شفا کے لیے دریا ڈبو دیا جس کے نتیجے میں وہ جان سے چلا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ بدھ کو شہر ہریدوار کے دریائے گنگا میں پیش آیا جہاں والدین 5 سالہ بچے کو دریا میں لائے اور اسے شفا کے لیے متعدد بار پانی میں ڈبویا جس سے اس کی موت ہوگئی۔
والدین کا خیال تھا کہ ایسا کرنے سے ان کے بچے کو نئی زندگی مل جائے گی لیکن سرد پانی میں بار بار ڈبونے سے وہ جان سے چلا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بلڈ کینسر میں مبتلا بچے کو ڈاکٹرز جواب دے چکے تھے اور والدین کسی معجزے کے منتظر تھے۔
پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ بچے کی ماں لاش اپنے قریب رکھ کر زور زور سے چیخ رہی تھی کہ بچے کو کچھ نہیں ہوا اور ابھی کچھ دیر میں یہ واپس زندہ ہوجائے گا۔
پولیس بچے کو اٹھا کر قریبی اسپتال لے کر گئی تو ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ لڑکے کے والدین اور اس کی خالہ کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔