بھارت کی ریاست اتر پردیش میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ملزمان نے نوجوان لڑکی کو کثیر المنزلہ عمارت سے نیچے پھینک دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنؤ میں نوجوان لڑکی عمارت کی 9ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوئی تھی اور اب اس کیس میں نیا موڑ سامنے آیا ہے۔
پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کیا جس سے تفتیش کے دوران پتا چلا کہ لڑکی حادثاتی توڑ پر یا خودکشی کے ارادے سے عمارت سے گر کر ہلاک نہیں ہوئی بلکہ اسے پھینکا گیا تھا۔
مقتولہ عمارت کی 9ویں منزل پر ایک پارٹی میں موجود تھی جہاں اس کے دو دستوں نے اس سے نازیبا حرکات شروع کر دیں۔ نشے میں دھت ملزمان نے جب جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تو لڑکی نے مزاحمت کرتے ہوئے خود کو بچایا۔ اس پر ملزمان طیش میں آگئے اور مقتولہ کو کھڑی سے دھکا دے دیا۔
پولیس انسپکٹر انجنی کمار نے اپنے بیان میں بتایا کہ مقتولہ کو رات کے تقریباً ساڑھے 12 بجے قتل کیا گیا، ابتدائی تحقیقات مین پتا چلا تھا کہ لڑکی کھڑی کے پاس کھڑی ہو کر دوستوں سے باتیں کر رہی تھی کہ اچانک گر گئی۔
انجنی کمار کے مطابق مقتولہ کی والدہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی کہ ان کی بیٹی کو ملزمان کی جانب سے قتل کیا گیا، شبھم اور سمیر سنگھ نشے میں دھت تھے اور لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس نے خاتون کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شبھم کو گرفتار کیا تاہم دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔